ترقیاتی پروگرام کے ثمرات پنجاب کے کونے کونے تک پہنچیں گے ، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ ترقیاتی پروگرام کے ثمرات پنجاب کے کونے کونے تک پہنچیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ 560 ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی پروگرام سے ہر ضلع میں خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام تیار کرتے وقت منتخب نمائندوں سے مشاورت کی گئی ، ترقیاتی بجٹ میں ایک سال میں 66 فیصد کا غیر معمولی اضافہ بلاشبہ ہماری ترقیاتی ترجیحات کا آئینہ دار ہے ، ماضی میں کاغذات میں ترقی ہوتی رہی اورعوام ترقی کیلئے ترستی رہی۔

سردارعثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکمران غلط پالیسیوں اور نمائشی منصوبوں سے صوبے کا دیوالیہ کر چکے تھے ، ہمیں 2018ء میں تباہ حال معیشت ملی ، صوبے میں معاشی استحکام کیلئے مشکل فیصلے کیے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا کہ آج پنجاب معاشی طورپر مضبوط اورآگے بڑھ رہا ہے ، یہ ترقیاتی پروگرام صوبے کی ترقی، معیشت کے استحکام اور عوام کی خوشحالی کا ضامن ہے۔

اس سے قبل سردار عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پی ڈی ایم کے عاقبت نا اندیش عناصر کو پاکستان کے موجودہ حالات کا ادراک تک نہیں، کیا موجودہ حالات میں جلسے کرنا قومی مفاد میں ہے؟ ملک کی موجودہ صورتحال میں جلسے کرنا بے حسی کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان کی عوام نے پی ڈی ایم سے اظہار لاتعلقی کر کے انہیں ایک بار پھر مسترد کردیا، بے مقصد جلسہ کر کے قوم کا وقت ضائع کیا گیا، پی ڈی ایم نہیں چاہتی کہ پاکستان آگے بڑھے اور ترقی کرے، اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کے وقت پی ڈی ایم کی جانب سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش نا قابل فہم ہے، پی ڈی ایم والے ذہن نشین رکھیں کہ موجودہ حالات میں منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔

سردار عثمان بزدار نے کہا تھا کہ ہمیں پاکستان کی سلامتی، امن او راستحکام سب سے زیادہ عزیز ہے، گزشتہ 3 برس کے دوران اپوزیشن کا رویہ ملکی مفادات کے خلاف رہا ہے، قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والوں کو ملک کا احساس ہے نہ عام آدمی کا، پی ڈی ایم کے پاس نہ کوئی ایجنڈا ہے نہ عوام کے لئے کوئی حکمت عملی، پی ڈی ایم کو اپنے منفی رویے پر نظر ثانی کرنی چاہیئے۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپوزیشن عناصر کے غیر ذمہ دارانہ رویے کو کبھی معاف نہیں کرے گی، بے بنیاد الزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، مسترد شدہ عناصر محض اپنا سیاسی قد بڑھانے کیلئے تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق کی نگہبان ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنا کر جنوبی پنجاب کی عوام سے کیا وعدہ پورا کیا ہے، رولز آف بزنس اتفاق رائے سے منظور کر کے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو انتظامی و مالی خود مختاری دی ہے۔

The post ترقیاتی پروگرام کے ثمرات پنجاب کے کونے کونے تک پہنچیں گے ، عثمان بزدار appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email