اب صدر مملکت چیئرمین نیب کو برطرف کر سکتا ہے ، رضا ربانی

سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ اب صدر مملکت چیئرمین نیب کو برطرف کر سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ تیسرے نیب ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے چیئرمین نیب کی آزادی پر سمجھوتا کیا گیا ہے ، چیئرمین نیب کے دفتر کو سیاسی انجینیرنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کو ہٹانے کے لیے سپریم جوڈیشل کونسل کے بجائے صدر کو اختیار دینا ادارے کے طریقہ کار کی عزت نہ کرنے کو ظاہر کرتا ہے ، نیب اب ایگزیکٹو کا ایک منسلک محکمہ بن چکا ہے ، جس کا سربراہ ایگزیکٹو کو برطرف کر سکتا ہے۔

رضا ربانی نے کہا کہ نیب چیئرمین کی مدت کی کوئی سیکورٹی نہیں ، نیب چیئرمین جتنے مرضی عرصے تک عہدے پر تعینات رہ سکے گا ، حکومت صدر کو قانون سازی میں وہ کردار دے رہی ہے جو آئین کے تحت اس کا نہیں ، کیا یہ اٹھارویں ترمیم سے پہلے کی پوزیشن بحال کرنے کے اقدامات ہیں جب صدر کے پاس اختیارات تھے۔

سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے یقینی بنایا ہے کہ اپوزیشن کا غیر شفاف احتساب جاری رہے ، حکومت خود کو بچانے کی کوشش جاری رکھے ، حکومت یاد رکھے جو چیتے پر سواری کرتا ہے وہ پھراسکے پیٹ میں ہوتا ہے۔

The post اب صدر مملکت چیئرمین نیب کو برطرف کر سکتا ہے ، رضا ربانی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email