چینی کی قیمت میں اضافہ

پاکستان میں چینی کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین ہول سیلز گروسرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف ابراہیم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چینی کی قیمت ملک کی تاریخ کی بُلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، ریٹل سطح پر فی کلو چینی کی قیمت 125 سے 130 روپے ہے۔

عبدالرؤف ابراہیم نے کہا کہ پاکستان میں چینی کی ایکس مل قیمت 4 روپے بڑھ کر 119 روپے ہوگئی ہے جبکہ ہول سیلز میں چینی کی قیمت 121 روپے ہوگئی ہے۔

چیئرمین ہول سیلز گروسرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف ابراہیم نے مزید کہا کہ ٹی سی پی کی چینی یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے منگوائی گئی ہے، یوٹیلٹی اسٹورز کی قیمت ہول سیلز بھاؤ پر اثر انداز نہیں ہوتی ہے۔ حکومت اپنی رٹ قائم کرے، ورنہ کرشنگ شروع ہونے تک چینی کا ریٹ مزید بڑھ جائے گا۔

دوسری جانب ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں مہنگائی میں 1.90 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، اکتوبر 2020ء کے مقابلے میں اکتوبر 2021ء کے دوران مہنگائی کی شرح 9.19 فیصد رہی۔

جولائی تا اکتوبر 2020ء کے مقابلے میں جولائی تا اکتوبر 2021ء مہنگائی 8.74 فیصد رہی۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایک سال میں گھی 43 فیصد، مسٹرڈ آئل 41.92 ، خوردنی تیل 40 فیصد ، چکن 34.69 فیصد، دالیں اور گوشت 17، آٹا 12.97 فیصد مہنگا ہوا۔

ایک سال میں ٹماٹر 48.52، دال مونگ 29، پیاز 28 اور آلو 19 فیصد سستا ہوا۔

ایک ماہ میں چکن 17.91 ، آلو 12.17 فیصد، گندم 7.25 اور چائے 4.95 فیصد مہنگی ہوئی۔

دال مونگ 6.14 فیصد، انڈے 5.94 اور مسالحہ جات 3.85 فیصد سستے ہوئے ہیں۔

The post چینی کی قیمت میں اضافہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email