عثمان بزدار پورے ملک میں نکمے پن کی جیتی جاگتی مثال بن چکے ہیں ، عظمیٰ بخاری

عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عثمان بزدار پورے ملک میں نکمے پن کی جیتی جاگتی مثال بن چکے ہیں۔

مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے عثمان بزدار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بزدار صاحب پی ڈی ایم پر تنقید آپکا لیول نہیں ، آپ صرف ڈینگی پر توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے لوگ مر رہے ہیں اور آپکو پی ڈی ایم کی فکر ستائے جارہی ہے ، عثمان بزدار نے وزیر اعلیٰ ہوتے ہوئے بھی خود کو اور اپنی حکومت کو بند گلی میں بند کردیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت ایسی بند گلی میں داخل ہوگئی ہے جس کا نہ کوئی دروازہ اور نہ کھڑکی ہے ، جس کا منہ بولتا ثبوت ضمنی اور کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشن ہیں۔

مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہر الیکشن میں انکو منہ کی کھانی پڑتی ہے پھر بھی شیخ چلی والی بڑکیں مارنے سے باز نہیں آتے ، عثمان بزدار ایسا لطیفہ بن گئے ہیں جن پر اب سوشل میڈیا پر میمز اور کارٹون بھی بننے شروع ہو گئے ہیں ، کارٹون نیٹ ورک کے ہیرو اور ویلن اب خود کو حقیقی ہیرو سمجھنے لگ گئے ہیں۔

 اس سے قبل مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ پنجاب میں ڈینگی اپنی پیک پر پہنچ چکا ہے اور بزدار حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔

انہوں نے کہا تھا کہ آج لاہور میں 3افراد ڈینگی کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کیسز ہزاروں کی تعداد میں رپورٹ ہورہے ہیں ، وفاق اور پنجاب حکومت ڈینگی کے تدارک کےلیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھارہی ، لوگ ڈینگی سے مریں،کورونا سے مریں یا گولیوں سے مریں تبدیلی والوں کو کوئی پراوہ نہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ ڈینگی کے کیسز میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ حکومتی کی عدم دلچسپی ہے ، حکومت کہہ رہی ہے صورتحال کنٹرول میں ہے لیکن میڈیا کہہ رہا ہے کہ ڈینگی کنٹرول سے باہر ہورہا ہے۔

مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ لاہور کے بڑے اسپتالوں میں ڈینگی کے نئے مریضوں کےلیے بیڈز کم پڑ چکے ہیں ، بزدار حکومت بھی یہی چاہتی ہے کہ مریض اسپتالوں کے بجائے گھروں میں ہی اپنا علاج کروائیں۔

The post عثمان بزدار پورے ملک میں نکمے پن کی جیتی جاگتی مثال بن چکے ہیں ، عظمیٰ بخاری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email