سائبر حملے میں صارفین کا ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ ہے، نیشنل بینک آف پاکستان

نیشنل بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ سائبر حملے میں صارفین کا ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ ہے، آج بروز پیر بینک کی تمام سروسز بحال ہو جائیں گی۔

اپنے جاری کردہ بیان میں بینک کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ 29 اکتوبر کی رات کو نیشنل بینک آف پاکستان کے آئی ٹی انفراسٹرکچر پر سائبر حملے کے بعد این بی پی اپنے صارفین کو یقین دلاتا ہے کہ ان کا مالیاتی ڈیٹا محفوظ ہے۔ بینک نے خطرے سے موثر انداز میں نمٹتے ہوئے سسٹم کے متاثرہ حصے کو ٹھیک کر لیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بنکنگ سروس بشمول اے ٹی ایمز اور تنخواہوں اور پنشنز کی ترسیل یکم نومبر 2021 کو ممکن ہو جائے گی۔

بیان کے مطابق بینک کی تمام شاخیں شیڈول کے مطابق کھلیں گی اور صارفین کی بنکنگ ضروریات کو ہر ممکن حد تک پورا کیا جائے گا۔

بینک کال سنٹر (111-627-627) صارفین کے سوالات کے جوابات اور معلومات کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر فعال ہے۔

نیشنل بینک کی انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ ہماری ٹیموں نے بہترین اور تجربہ کار خصوصی شراکت داروں کے ساتھ مل کر غیرمعمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے گزشتہ 48 گھنٹے ان تھک محنت کی ہے۔

این بی پی نے ریگولیٹری اداروں کی معاونت اور رہنمائی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے چند دنوں میں اپنی سروسز معمول پر لانے کے لیے متعدد سٹیک ہولڈرز کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔

نیشنل بینک نے اپنے بیان میں صارفین، شراکت داروں، وینڈرز اور بینکوں کا اس مشکل وقت میں ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا ہے۔

The post سائبر حملے میں صارفین کا ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ ہے، نیشنل بینک آف پاکستان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email