مولانافضل الرحمان کادسمبرتک حکومت کےخاتمےکادعویٰ

جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمان نے دسمبر تک حکومت کے خاتمے کا دعویٰ کردیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہم نے اقتدار پر قابض مافیا سے جان چھڑانی ہے، حکمران اقتدار چھوڑیں اور یورپ میں جا کرعیاشیاں کریں۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر نے کہا کہ دھرنا تاریخی ایونٹ تھا، جو حالات پر اثر انداز ہوا، ہمارے حلیف ان حالات سے اگر فائدہ اٹھاتے ہیں تو اچھی بات ہے۔

مو لانا نے کہا کہ ملک تنزلی کی طرف جا رہا ہے اور بحران میں اضافہ ہوا، حکومت کےخلاف ہمارے مظاہرے پورے ملک میں جاری ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ پاناما بین الاقوامی دباؤ تھا جسے سیاسی قیادت کے خلاف استعمال کیا گیا، امریکی بیان سے واضح ہو گیا پاناما ایک سازش تھی، موجودہ حکومت کو ایجنٹ بنا کر بھیجا گیا تا کہ سی پیک میں بگاڑ پیدا کرے۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میثاق جمہوریت ایک سنجیدہ ڈاکیومنٹس ہے،حکومت اس قابل نہیں کہ ان کے ساتھ کوئی میثاق کیا جائے،میثاق جمہوریت کو بہتر لوگ ہی بہتر بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی واپسی کا دارومدار صحت پر منحصر ہے۔

Print Friendly, PDF & Email