وزیراعظم نے ہنرمند جوان پاکستان پروگرام کا افتتاح کردیا

وزیراعظم عمران خان نے 30 ارب کی لاگت سے ہنرمند جوان پاکستان پروگرام کا آغا زکر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں پروگرام لانچنگ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جبکہ اس مناسبت سے نوجوانوں کا خصوصی ترانہ بھی ریلیز کر دیا گیا ہے۔  نوجوانوں کیلئے ایک اور اہم منصوبے ہنرمند جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب بھی کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے خطا ب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری سب سے بڑی کوشش ہوگی کہ ایران اور سعودی عرب میں دوستی کرا دیں، ڈونلڈ ٹرمپ سے کہہ دیا ہے کہ ہم واشنگٹن اور تہران کو بھی قریب لانا چاہتے ہیں. پاکستان دنیا میں امن کا داعی بنے گا۔ ہنرمند جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا سب بڑا اثاثہ ہیں لیکن ماضی میں ان کی تعلیم اور ہنر پر توجہ نہیں دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا لیکن یہاں ایسا نظام تھا جو نچلے طبقے کو اوپر آنے کا موقع نہیں دیتا تھا،پاکستان میں ایک چھوٹا سا طبقہ امیر ہوگیا اور باقی پیچھے رہ گئے۔ انہوں نے تقریب میں شریک نوجوانوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے انھیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی زندگی میں اچھے برے وقت آتے رہتے ہیں۔ برے وقت میں اپنی اصلاح کرنے کا موقع ملتا ہے،میں پاکستان کا روڈ میپ دیتا ہوں کہ ہمارا ملک کس طرف جا رہا ہے۔ پاکستان مشکل وقت سے نکل رہا ہے اور ہم نے ایک عظیم قوم بننا ہے،ہم قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے عظیم پاکستان کا خواب پورا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمزور طبقے کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، مہذب معاشروں میں سب کو یکساں مواقع ملتے ہیں،امریکا میں ہر شعبے میں پاکستانی آگے نکل گئے، اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ انہیں معاشرے نے موقع دیا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا اس پروگرام کے بارے میں کہنا ہے کہ  ہنرمند جوان پروگرام کے تحت لاکھوں نوجوانوں کو فنی تربیت دی جائے گی۔ عثمان ڈار نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت 50 ہزار نوجوانوں کو جدید ترین صلاحیتیوں پر مبنی تربیت دی جائے گی جس میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، روبوٹکس، کلائوڈ کمپیوٹنگ کے علوم شامل ہوں گے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان کا مزید کہنا ہے کہ ہنر مند جوان پروگرام میں 70 مدارس میں بھی تکنیکی تعلیم کی فراہمی کیلئےانتظام کیا جائے گا جبکہ دوست ممالک کے اشتراک سے سنٹر آف ایکسیلینس بھی قائم کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہنر یافتہ نوجوانوں کو عالمی اداروں کے خصوصی سرٹیفیکیٹس دیئے جائیں گے جبکہ روزگار کیلئے انہیں آسان قرض بھی فراہم کئے جائیں گے۔ معاون خصوصی برائے امور نوجوانان نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ملک میں نیشنل اکریڈیٹیشن کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال وزیر اعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوانوں پر توجہ دیں تو یہ پاکستان کو ترقی دیں گے، یہ ایک شروعات ہے انشا اللہ مزید منصوبے بھی آئیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ایک لاکھ 90 ہزار خواتین نے قرضوں کے لیے درخواستیں دیں، پروگرام کی بڑی بات یہ ہے کہ حکومت سہولت فراہم کر رہی ہے۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ فاٹا کے نوجوان کو 35 لاکھ روپے اپنا سافٹ ویئر ہاؤس شروع کرنے کے لیے دیا گیا، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں نوجوانوں کو قرضے دیے گئے۔

Print Friendly, PDF & Email