اومی کرون کے پھیلاؤ کا خدشہ ؛ سندھ میں بوسٹر ڈوز لازمی قرار دینے کا فیصلہ

محکمہ صحت سندھ نے کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظ بوسٹر ڈوز کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کرلیا۔

سیکرٹری صحت سندھ  ذوالفقار شاہ کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ دنیا میں کورونا وائرس کی نئی خطرناک قسم اومی کرون کے کیسز سامنے آنے کے بعد شہریوں کو ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فائزر ویکسین بطور بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی، فائزر کی بوسٹر ڈوز مفت لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیکرٹری صحت نے کہا کہ بوسٹر ڈوز لگانے کا فیصلہ گزشتہ رات ہوا ہے، میکنزم تیار کرنے کے بعد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہےکہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا کی نئی قسم اومی کرون کو تشویشناک قرار دے دیا۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہےکہ نئی قسم اومی کرون کی خصوصیات پریشان کن ہیں، امریکا میں بھی اومی کرون کے کیسز ہوسکتے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کا اس حوالے سے مزید کہنا ہےکہ کئی ہفتے بعد پتہ چلے گا کہ موجودہ ویکسینز اومی کرون کے خلاف کس قدر موثر ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ابتدائی شواہد سے پتہ چلا ہےکہ اس نئی قسم میں ری انفیکشن کا خطرہ دیگر اقسام سے زیادہ ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس کی اس نئی قسم کو اومی کرون کا نام دیا گیا ہے اور اس کے پہلے کیسز جنوبی افریقا میں دریافت کیے گئے تھے۔

اس کے بعد متعدد ممالک بشمول برطانیہ، کینیڈا اور امریکا نے جنوبی افریقا اور اس کے ارد گرد خطے کے ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

کورونا وائرس کی اس نئی قسم کے سامنے آنے کے بعد ایک بار پھر یہ خدشات بڑھ رہے ہیں کہ کووڈ 19 کے خلاف تمام کوششیں ناکافی ثابت ہو سکتی ہیں اور اگر اس نئی قسم سے متعلق سائنسدانوں کے خدشات درست ہیں تو دنیا بھر میں کورونا کی ایک نئی لہر آ سکتی ہے۔

کورونا کی اس نئی قسم کی دریافت کی اہم بات یہ ہے کہ اس وائرس کے جینیاتی ڈھانچے میں بہت زیادہ تبدیلیاں موجود ہیں۔

اسی وجہ سے ایک سائنسدان نے اس نئی قسم کے کورونا وائرس کو ہولناک قرار دیا تو ایک سائنسدان کا کہنا ہے کہ یہ اب تک سامنے آنے والے تمام وائرس سے خطرناک ہے۔

ایسے میں یہ سوالات جنم لے رہے ہیں کہ وائرس کی یہ نئی قسم کتنی تیز رفتار سے پھیل سکتی ہے اور اس میں کورونا کی ویکسین کے خلاف کتنی مدافعت موجود ہے۔

سب سے اہم سوال یہ ہے کہ کورونا کی اس نئی قسم کا توڑ کیا ہے؟

اس نئی قسم کے بارے میں تمام تر خدشات کے باوجود ان سوالوں کے سب جواب اب تک سائنسدانوں کے پاس بھی نہیں۔

 

The post اومی کرون کے پھیلاؤ کا خدشہ ؛ سندھ میں بوسٹر ڈوز لازمی قرار دینے کا فیصلہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email