عابد علی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلیے نامزد

آئی سی سی نے قومی ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کو پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کردیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے نومبر 2021 کے لیے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیاں کردی گئی ہیں جس میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز عابد علی، آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ وارنر اور نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی شامل ہیں۔

پاکستان کے لیے 2019 میں ڈیبیو کرنے والے بلے باز عابد علی کی ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور انہوں نے بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں نہ صرف 133 اور 91 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا بلکہ ڈیبو کرنے والے عبداللہ شفیق کے ساتھ دونوں اننگز میں ٹیم کو زبردست آغاز فراہم کیا جس پر انہیں مین آف دی میچ بھی دیا گیا۔

مزید پڑھیں؛ آصف علی آئی سی سی پلئیر آف دی منتھ قرار

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹیم ساؤتھی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں زیادہ وکٹیں تو حاصل نہ کرسکے لیکن انہوں نے نپی تلی بولنگ کرکے بلے بازوں کو خوب پریشان کیا ، وہ نومبر میں 5 میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے تاہم بھارت کے خلاف ٹی ٹوئٹی سیریز میں انہوں نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا۔

ٹم ساؤتھی نے بھارت کے خلاف سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے پہلے میچ میں ایک وکٹ حاصل کی لیکن دوسرے میچ میں وہ 16 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے جب کہ بھارت کے خلاف کانپور ٹیسٹ میں بھی انہوں نے 8 وکٹیں حاصل کیں۔

آئی سی سی کی جانب نامزد کیا گیا تیسرا اور آخری نام ڈیوڈ وارنر کا ہے جو میگا ایونٹ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے اور انہیں شاندار بلے بازی پر مین آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا تھا۔

ڈیوڈ وارنر نے نومبر میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم ترین میچوں میں دو نصف سنچریاں اور اسکور کیں اور ایک میچ میں وہ صرف ایک رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے۔

وارنر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اہم میچ میں 89 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیلی جس پر انہیں مین آف دی میچ بھی دیا گیا جب کہ پاکستان کے خلاف سیمی فائنل میں وارنر نے 49 رنز کی اننگز کھیلی اور پھر فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف 53 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے پچھلے ماہ قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز آصف علی کو آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا تھا۔

The post عابد علی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلیے نامزد appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email