سیالکوٹ واقعہ پورے پاکستان کی سوچ کو بدل دے گا،ملک عدنان

ملک عدنان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ پورے پاکستان کی سوچ کو بدل دے گا۔

آنجہانی پریانتھا کماراکی یاد میں وزیراعظم آفس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک عدنان نے کہا کہ اس دن میرا جذبہ یہی تھا کہ کسی طرح سری لنکن شہری کو بچالوں۔

انہوں نے کہا کہ چاہتا تھا کہ کوئی ایسا واقعہ نہ پیش آجائے کہ ملک کا نام خراب ہو، شاید یہ قتل قوم کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ ہو۔

ملک عدنان نے مزید کہا کہ یہ واقعہ پورے پاکستان کی سوچ کو بدل دے گا، سوچ بدلے گی تو آنے والی نسل کی بہتر پرورش ہوگی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ملک عدنان کو پورے ملک کی طرف سےخراج تحسین پیش کی جبکہ تقریب میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ملک عدنان کو سند اعزاز سے نوازا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک عدنان کو دیکھ کر ہمیں فخر ہوا، ملک عدنان نے سری لنکن شہری کی جان بچانے کی کوشش کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک اسلام کے نام پر بنا تھا، ملک میں رول ماڈل کی بہت ضرورت ہوتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نبیﷺ پوری دنیا کیلئے رحمت اللعالمین ﷺ بن کرآئے، خود کو عاشق رسولﷺ ثابت کرنے کیلئے انکی سیرت پر چلنا ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے ایک لاکھ ڈالر خاندان کیلئے جمع کیا ہے، پریانتھا کے خاندان کو ساری زندگی تنخواہ دی جائے گی۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لوگوں پر توہین کے جھوٹے الزام لگا کرجیل میں ڈال دیاجاتا ہے، نہ اسے وکیل ملتا ہے نہ جج کوئی فیصلہ کرتا ہے۔ پورے پاکستان نے فیصلہ کرلیا ایسے واقعے نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں انسانیت ہو تو وہ کمزور طبقے کو اٹھاتا ہے، کسی معاشرے میں ایسا نہیں ہوتا الزام لگاؤ اور قتل کردو۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اخلاقی قوت جسمانی قوت سے بہت طاقتور ہوتی ہے، دین کے نام پر ظلم کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

The post سیالکوٹ واقعہ پورے پاکستان کی سوچ کو بدل دے گا،ملک عدنان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email