منظور وسان سے چینی قونصل جنرل مسٹر لی بی جیان کی ملاقات

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیرِزراعت منظور حسین وسان سے چینی قونصل جنرل مسٹر لی بی جیان ملاقات ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور تعلقات کے مزید استحکام پر بات چیت کی گئی ہے۔

منظور وسان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کی دوستی پہاڑوں سے بلند و مضبوط اور سمندروں سے زیادہ گہری ہے۔

مشیرِزراعت منظور حسین وسان نے کہا کہ چین نے زندگی کے تمام شعبوں میں بے مثال ترقی کی ہے، زرعئی شعبے میں چین کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

 منظور وسان نے کہا کہ جدید زرعئی مشینری و آلات اور تازہ ترین زرعئی تحقیق میں تبادلے سے زرعئی معیشت کو بہتر بنائیں گے اور سندھ کی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں چینی معاونت کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت زراعت ، کاشتکاری، آب پاشی، کولڈ اسٹوریج اور دیگر تمام شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گی جبکہ سندھ کے آم، امرود، کھجور،   سرخ مرچ اور دیگر پھل اور سبزیاں بہترین برآمدی معیار کی حامل ہیں۔

 منظور وسان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات مہیا کرے گی ، بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے جدید زرعی طریقوں کا استعمال ضروری ہے۔

دوسری جانب چینی قونصل جنرل کی جانب سے سندھ حکومت اور مشیر زراعت کی کارکردگی کو سراہا گیا، اور  کہا کہ چین توانائی، زراعت اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

چینی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان اور چین کے تعلقات کا اہم ترین مظہر ہے۔

 اس موقع پر مشیر زراعت سندھ منظور حسین وسان نے معزز مہمانوں کو سندھ ٹوپی اور اجرک کے ثقافتی تحفے بھی پیش کیے۔

واضح رہے کہ اس موقع پر نائب قونصل ڈینگ ھائی ژیاو اور چائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے نائب جنرل مینیجر ڈائے باؤ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

The post منظور وسان سے چینی قونصل جنرل مسٹر لی بی جیان کی ملاقات appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email