کابینہ کی الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق سفارشات کی منظوری

کابینہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی۔

حکومت نے ای وی ایم اور آئی ووٹنگ کے لیے شیڈول تیار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی نئے قانون پر عملدرآمد پر مشروط کر دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں کمیٹی کنوینیئر شبلی فراز نے سفارشات پیش کیں۔ حکومت نے الیکشن کمیشن کی تشکیل کردہ کمیٹی کے ٹی اوآرزپرتحفظات کا اظہار کیا۔

شبلی فراز کی کابینہ کو ای وی ایم اور آئی ووٹنگ پربریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن نے سیکریٹری کی سربراہی میں ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی، کمیٹی کے لیے بنائے گئے ٹی او آرز پر تحفظات ہیں۔

شبلی فراز نے کہاکہ ٹی اوآرزمیں آئندہ عام انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال کی فزیبلٹی اور امکان کا تعین کرنا شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے ‏15 دسمبر کو تکنیکی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کی تجویز منظور کر لی۔

یکم جنوری 2022 کوای وی ایم کے لیے ٹینڈرجاری کرنے ، یکم اپریل 2022 کوای وی ایم خریداری کا کنڑیکٹ دینے اور 15 جون 2022 سے ای وی ایم کی فراہمی شروع کرنے کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

اس کے ساتھ ساتھ یکم دسمبر2021 سے ای وی ایم پراسٹاف کو تربیت دینے کا آغاز کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔15 جون 2022 سے آپریشنل اسٹاف کو تربیت دی جائے گی۔

یکم دسمبر2021 سے ای وی ایم کا ڈیٹا اورسٹوریج بنانے کی تجویز منظورکر لی گئی۔

‏15 جون 2023 کو الیکشن کمیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی فراہمی شروع کی جائے گی۔

کابینہ نے متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کو الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزارت خزانہ کو الیکشن کمیشن کو بروقت فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے ، وزارت منصوبہ بندی کو ای وی ایم وئیر ہاؤس کے لیے ایچ ایٹ میں جگہ دینے اورآئی ووٹنگ کے لیے وزارت خارجہ اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے لیے وزارت اطلاعات کو مہم چلانے کی ہدایت کر دی گئی۔

کابینہ نے آئی ووٹنگ کے لیے نادرا کو 4 ماہ میں سسٹم اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت ہاؤسنگ کو ایچ ایٹ میں الیکشن کمیشن کے ڈیٹا سٹوریج کے لیے بلڈنگ بنانے کی ہدایت کی گئی۔

کابینہ نے شبلی فراز کی سربراہی میں کمیٹی کو الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

The post کابینہ کی الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق سفارشات کی منظوری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email