امریکا نے چین میں سرمائی اولمپکس کا سفارتی بائیکاٹ کردیا

امریکا نے بیجنگ سرمائی اولپمکس 2022 کے سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔

واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکا آئندہ برس چین میں ہونے والے سرمائی اولمپکس اور پیرا لمپکس میں کوئی سفارتی یا سرکاری وفد نہیں بھیجے گا۔

جین ساکی نے کہا کہ یہ فیصلہ چین کی جانب سے سنکیانگ میں اویغور مسلمانوں کی نسل کشی اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبر: فیس بک کا چین پر بڑا الزام

وائٹ ہاؤس ترجمان نے مزید کہا کہ سرمائی اولمپکس اور پیرا لمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کا فیصلے سے ایونٹس میں شریک امریکی کھلاڑیوں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، انہیں امریکی انتظامیہ کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔

امریکی انتظامیہ کی جانب سے سفارتی بائیکاٹ کا فیصلہ اس وقت آیا ہے جب کچھ ہی روز بعد امریکی صدر ’جمہوریت پر بین الاقوامی سیمینار‘ کی میزبانی کرنے جارہے ہیں، اس سیمینار میں دنیا کے 100 سے زائد ملکوں کے سربراہان اور سماجی کارکن شرکت کریں گے۔

دوسری جانب امریکا میں چینی سفارت خانے نے امریکی اعلان کو سیاسی ہتھکنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے دونوں ایونٹس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

The post امریکا نے چین میں سرمائی اولمپکس کا سفارتی بائیکاٹ کردیا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email