فضل الرحمان موسیقی کے دلدادہ لوگوں کے ساتھ مدارس کے طلباء کو بٹھائیں گے، شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان موسیقی کے دلدادہ لوگوں کے ساتھ درس نظامی کے طلباء کو بٹھائیں گے۔

وزارت داخلہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن نے 23 مارچ کو لانگ مار چ کی کال دی ہے، قانون کے مطابق جلسے جلوس اپوزیشن کا حق ہے لیکن تاریخ کے حوالے سے ان کا انتخاب ٹھیک نہیں، 23 مارچ کو ملک بھر میں یوم پاکستان کے طور پر منایا جاتاہے، 23 مارچ سے ہفتہ قبل راستے بند کیے جاتے ہیں،اپوزیشن کو اس بات کی سمجھ نہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پہلی سیاسی پارٹیاں دیکھی ہیں جو کمپنی کی مشہوری کے لئے 4 ماہ پہلے تاریخ دے رہی ہیں، مولانا فضل الرحمان موسیقی کے دلدادہ لوگوں کے ساتھ درس نظامی کے طلباء کو بٹھائیں گے۔

متعلقہ خبر: مریم اور حمزہ کے گانا گانے کی ویڈیو وائرل

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان 4 ماہ میں مہنگائی کنٹرول کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے، ملک میں کوئی نگراں حکومت نہیں آرہی، عمران خان اپنے 5 سال پورے کریں گے اور پاکستان میں جمہوری عمل آگے بڑھے گا۔ تحریک چلانے کا اصل وقت وہ تھا جب فضل الرحمان اسلام آباد پہنچے تھے، اب تو آئندہ انتخابات کے لئے ارکان اسمبلی نے مہم شروع کردی ہے۔

این اے 133 پر ضمنی انتخاب سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ قوم نے اپوزیشن کے مرغ پلاؤ کو مسترد کردیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی شائستہ پرویز ملک نے نے صرف 10 فیصد ووٹ لئے جب کہ دوسرے امیدوار نے 6 سے 7 فیصد ووٹ لئے، ہم ناک آؤٹ ہوئے اور تینوں خوش ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ سیالکوٹ میں ملک کو بدنامی سے دوچار کرنے والا واقعہ ہوا ہے، جس کی مذمت کرتے ہیں، گزشتہ روز اجلاسوں میں سیالکوٹ واقعے پر بات کی گئی، اس معاملے میں سیاسی اور عسکری قیادت متحد ہے۔ ہمیں ایسے قوانین بنانے ہوں گے جس سے سزائیں سخت ہوں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میڈیا انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے تاریخی کردار ادا کرے، میڈیا دہشت گردی اور انتہا پسندی میں ملوث افراد کی کوریج نہیں کرے گا تو یہ ملک بہتری کی طرف جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں جرائم کی شرح بڑھ رہی ہے، وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کے باعث آئی جی کو ہٹادیا، ہمیں پولیس کے مورال کو بلند کرنا چاہیے۔

The post فضل الرحمان موسیقی کے دلدادہ لوگوں کے ساتھ مدارس کے طلباء کو بٹھائیں گے، شیخ رشید appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email