پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس کی صدارت سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے جبکہ اجلاس دوپہر دو بجے مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ میں ہوگا۔

اجلاس میں پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں ہونے والے فیصلوں اور تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ اجلاس میں مہنگائی مارچ سمیت دیگر امور بھی زیر بحث ہونگے۔

واضح رہے کہ اجلاس میں مولانا غفورحیدری، قومی وطن پارٹی کے احمد خان جدون، حافظ حمداللہ اور مریم اورنگزیب سمیت اسٹیرنگ کمیٹی کےممبران شریک ہوں گے۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے 23 مارچ کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کیا گیا ہے، پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسمبلیوں سے استعفوں کا فیصلہ اپنے وقت پر کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 2018 میں الیکشن میں جعلی ووٹ کی بنیاد پر دھاندلی کی پیداوار حکومت آئی، نااہل حکومت کی ناکامی کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ پورے ملک سے لوگ اسلام آباد پہنچیں گے، مہنگائی مارچ کیلئے صوبائی سطح پر حکمت عملی طے کی جائے گی جبکہ  پنجاب میں شہباز شریف، کے پی میں فضل الرحمان، بلوچستان میں محمود خان اچکزئی اور سندھ میں اویس نورانی انتظامات دیکھیں گے۔

The post پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email