پی ڈی ایم استعفوں کی طرح لانگ مارچ سے بھی راہ فرار اختیار کرلے گی، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم استعفوں کی طرح لانگ مارچ سے بھی راہ فرار اختیار کرلے گی۔

پی ڈی ایم کی  23 مارچ کو اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان پر لانگ مارچ کی کال دینا ناقابل فہم ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ قومی دن پر ذاتی مفادات کی سیاست چمکانے کی کوشش بصیرت سے عاری سیاستدانوں کو زیب نہیں دیتی۔

انہوں نے کہا کہ  قومی دن پر لانگ مارچ کرنا قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے، پی ڈی ایم کو اپنے منفی رویے پر نظرثانی کرنی چاہیئے۔

عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ قوم پی ڈی ایم کے انتشار پسند فعل کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔

واضح رہے کہ وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی پی ڈی ایم کی 23 مارچ کو اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دینے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ  یوم پاکستان پر پی ڈی ایم کا مارچ کی کال دینا ایک انتہائی غیر ذمے دارانہ اور غیر اخلاقی اقدام ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ  پریڈ کی تیاری کے حوالے سے دارالحکومت اسلام آباد کو سیکیورٹی الرٹ پر رکھا جاتا ہے، تیاری کے لیے بعض راستے دو تین روز قبل بند بھی کردئیے جاتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا تھا کہ ایسے وقت پر مارچ کی کال ملک دوستی نہیں، مناسب ہوگا اگر پی ڈی ایم مارچ کی کال اپریل میں لے جائے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ یومِ پاکستان کو عوام کے نام پراحتجاج اور خلفشار کے دن کے طور پر اجاگر کرنا پی ڈی ایم کا ملک مخالف قوتوں کی خدمت کرنے کے مترادف ہے۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اجلاس میں 23 مارچ کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔

The post پی ڈی ایم استعفوں کی طرح لانگ مارچ سے بھی راہ فرار اختیار کرلے گی، وزیراعلیٰ پنجاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email