خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں واضح کمی، صرف 3 کیسز رپورٹ

صوبہ خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں اب واضح کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے صرف 3  نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ صوبے میں مجموعی طور پر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 10532 ہوگئی ہے۔

اسکے علاوہ صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں مجموعی  طور پر ڈینگی کے 10 مریض زیرعلاج ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہی 12 افراد ڈینگی سے صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ صوبے میں مجموعی طور پر ڈینگی سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد10ہوگئی ہیں۔

 ڈینگی بخار دنیا بھر میں مچھروں سے سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے اور یہ 4 اقسام کے ڈینگی وائرسز کا نتیجہ ہوتا ہے۔

ایک تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال 40 کروڑ افراد کو ڈینگی انفیکشنز کا سامنا ہوتا ہے جن میں سے 9 کروڑ 60 لاکھ افراد بیمار ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے ابھی کوئی ویکسین دستیاب نہیں ہے تو اپنے تحفظ کے لیے موسکیٹو ریپیلنٹس کا استعمال کرنا،  گھر یا دفتر سے باہر ہو یا چار دیواری کے اندر، گھر سے آستینوں والی قمیض اور پیروں میں جرابیں پہننا ، گھر میں اے سی ہو تو اسے چلانا، کھڑکیاں اور دروازوں میں مچھروں کی آمد روکنا، اے سی نہیں تو مچھروں سے بچاؤ کے نیٹ استعمال کرنے سے ہی ڈینگی سے بچا جاسکتا ہے۔

اسی طرح مچھروں کی آبادی کم کرنے کے لیے ان کی افزائش کی روک تھام کی تدابیر پر عمل کریں جیسے پرانے ٹائروں، گلدان اور دیگر میں پانی اکٹھا نہ ہونے دیں۔

The post خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں واضح کمی، صرف 3 کیسز رپورٹ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email