صوبائی حکومت نے “گوادر کو حق دو تحریک” کے تمام مطالبات تسلیم کرلئے، ضیاء اللّٰہ لانگو

مشیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللّٰہ لانگو کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے “گوادر کو حق دو تحریک” کے تمام مطالبات تسلیم کرلئے ہیں۔ مولانا گوادر کے لوگوں پر رحم کرکے 20 دنوں سے جاری دھرنا ختم کریں۔

مشیر داخلہ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کے چار راؤنڈ مکمل کرلئے ہیں۔

ضیاء اللہ لانگو نے کہا ٹرالر کے خلاف کارروائی جاری ہے مافیا سے نمٹنے کے لئے وقت لگتا ہے، ڈی جی فشریز ٹرالر کے خلاف آپریشن کررہے ہیں۔ پاکستان نیوی اور ایم ایس اے کو بھی آپریشن کے متعلق کہا گیا ہے۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے ڈپٹی کمشنر آفس میں کمشنر مکران عرفان شاہ غرشین، ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن جمیل احمد بلوچ، ڈی آئی جی مکران، جاوید جسکانی، ایس ایس پی طارق مستوئی اور ڈی جی فشریز کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بارڈر وفاقی ایشو ہے، اس پر کام ہورہا ہے۔ اشیائے خورد و نوش پر تجارت آسانی سے جاری ہیں، بارڈر پر آسانی سے ٹریڈ کیا جارہا ہے۔

ضیاء اللہ لانگو نے مزید کہا کہ غیر ضروری چیک پوسٹوں کا خاتمہ کیا جاچکا ہے۔ گوادر یونیوسٹی کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔

مشیر داخلہ کہتے ہیں کہ پانچ ہزار پولیس اہلکاروں کو بجھوانے کا فیصلہ گوادر کے امن و امان کو برقرار رکھنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت دھرنے کو طاقت کے زریعے ختم کرانے کے حق میں شروع سے نہیں ہے، پولیس کی نفری دھرنے کے شرکاء اور سرکاری املاک کی حفاظت کے لئے بجھوائی گئی ہے تاکہ دھرنے کو ہائی جیک نہ کیا جائے۔

ان کا مزی کہنا تھا کہ گوادر کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے سیکیورٹی بڑھانے کا پلان کیا ہے، تاکہ پُرامن دھرنے کو شرپسند خراب کرنے کی کوشش نہ کریں۔

مشیر داخلہ  نے کہا کہ دھرنے سے متعلق گوادر کے عوام خود فیصلہ کریں، حکومت چاہتی ہے معاملہ ٹیبل پر حل ہو۔ مولانا سے ملاقات کرکے آیا ہوں کہ مطالبات تسیلم کرنے کے بعد دھرنے سے متعلق نظر ثانی کریں۔

The post صوبائی حکومت نے “گوادر کو حق دو تحریک” کے تمام مطالبات تسلیم کرلئے، ضیاء اللّٰہ لانگو appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email