روس یوکرائن کی سرحد سے فوج واپس بلائے یا کڑی پابندیاں بھگتے، امریکا کی تنبیہہ

امریکا نے دیرینہ حریف روس کو خبردار کیا ہے کہ وہ یوکرائن کی سرحد سے اپنی فوجیں فوری واپس بلائے ورنہ روس کو کسی بھی جارحیت کا خمیازہ پہلے سے کہیں زیادہ سخت پابندیوں کی صورت میں بھگتنا ہوگا۔

لیٹویا کے دارالحکومت ریگا میں ہونے والی نیٹو رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ اینٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ ہم یہ تو نہیں جانتے کہ صدر پیوٹن نے یوکرائن پر جارحیت کا فیصلہ کرلیا ہے مگر ہم یہ ضرور جانتے ہیں کہ روس کی تیاریاں ایسی ہیں کہ وہ مختصر وقت میں ایسا کرسکتا ہے۔

امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ اینٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم یہ واضح کرچکے ہیں کہ ہم روس کی جانب سے کی گئی کسی بھی جارحیت کے خلاف مناسب ردعمل کا مظاہرہ کریں گے جس میں وسیع الاثر اقتصادی پابندیاں بھی شامل ہوں گی جن سے ماضی میں ہم اجتناب برت رہے تھے۔

یوکرائن کے وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا نے آج لیٹویا کے دارالحکومت ریگا میں نیٹو ممالک کے سفارت کاروں سے ملاقات میں کہا تھا کہ روس ان کی سرحدوں پر 90 ہزار فوجی تعینات کر چکا ہے اور کسی بھی وقت یوکرائن پر حملہ متوقع ہے۔ انہوں نے نیٹو کے رکن ممالک سے روس پر کڑی پابندیاں لگانے کی اپیل بھی کی تھی۔

دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف اور امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ اینٹونی بلنکن کل سوئیڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں آرگنائزیشن فار سکیورٹی اینڈ کوآپریشن آن یورپ (او ایس سی ای) کے ہونے والے اجلاس کے موقع پر ملاقات کریں گے جس میں یوکرائن کے مسئلے پر خصوصی طور پر گفتگو کی جائے گی۔

The post روس یوکرائن کی سرحد سے فوج واپس بلائے یا کڑی پابندیاں بھگتے، امریکا کی تنبیہہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email