ثقافت کے خلاف

آج مرشد غصے میں تھا۔ آتے ہی کہنے لگا تم ہر وقت ثقافت کا نام لیتے ہو ہماری ثقافت کہتے ہو، چترال کی ثقافت کہتے ہو مجھے دکھاؤ تمہارے پاس ناچنے کے سوا کونسی ثقافت ہے؟

میں حسب معمول حیران ہوا کہ آج پھر مرشد کو کس نے میرے خلا ف اکسایا ؟ بہرحال میں نے نرمی اختیار کرتے ہوئے پوچھا مرشد پانی پیو گے؟ مرشد نے کوئی جواب نہ دیا تو میں نے "خاموشی نیم رضا” سمجھتے ہوئےمرشد کو پانی پلاکر اس کا غصہ ٹھنڈا کیا پھرمیں نے کہا، مرشد ! تم نے ثقافت کی توہین کی ہے ، ثقافت ناچ گانے اور ڈھول بانسری بجانے تک محدود نہیں، تم دو دن میرے پاس بیٹھو گے تو تمہیں ثقافت کی سمجھ آجائیگی میں تمہیں چترال کے قدیمی مکان بائی پݰ کی سیر کراؤں گا جہان زندگی کی تمام ضروریات ایک چھت کے نیچے دستیاب ہوتی ہیں جہاں گھر کے ہر فرد کیلئے اُس کی صنف اور عمر کے لحاظ سے بیٹھنےکی ایک جگہ مقرر ہے جس کے فرش سے لیکر چھت تک ہر چیز انوکھی ہے، جس کے ستون اور شہتیر منفرد ہیں ۔

جس کی الماریاں اور شلیف اپنی مثال آپ ہیں، ایک دن میں تمہیں جولاہے کی کھڈی دکھاؤں گا جس پر چترا ل کی اونی پٹی تیار کی جاتی ہے۔ جولاہے کے پاس بیٹھ کر میں تمہیں چترالی ماں اور بہنوں کے ہا تھ کی خستہ روٹی کھلاؤں گا۔ ایسی روٹی جس کی ظاہری صورت منفرد ہے اور اس کا ا ندرونی ذائقہ آپ کو پشاور اور کشمیر سے لیکر سندھ اور بلوچستان تک کہیں بھی نہیں ملےگا۔

مرشد کا پارہ ایک بار پھر چڑھ گیا۔ کہنےلگا میں نے ثقافت کا پوچھا تھا تم نے مکان ، کھڈی اور روٹی کا قصہ شرو ع کیا۔ میں نے کہا میری بات سنو! ثقافت رہن سہن کا نام ہے، مکان، لباس اور خوراک ہی ثقا فت ہے صرف ناچ گانا ثقافت نہیں۔ مرشد بولا۔ مجھے ناچ گانے سے چڑ ہے۔ میں نے کہا ناچ گانا بھی چترال کی ثقافت میں بے فائدہ اور بےمعنی چیز نہیں۔ اس کے پیچھے کہانیاں ہیں، واقعات ہیں، سبق کے پہلو ہیں، نا ن دوشی میں صبر کا سبق ہے، ڈوک یخدیز میں وفاداری کا سبق ہے۔ ننو بیگال میں انتقا م کا جذبہ ہے، ننو ژان میں بہا دری ہے سیدو میں محبت ہے لالو زانگ میں سوگ ہے۔

اس طرح رقص کو لے لیں بروازی میں گم شدہ متاع کی تلاش اور ملنے کی خو شی ہے ، سوجی میں اجتماعیت کا سبق ہے، تلوار ڈانس میں شجاعت ہے، تتاڑی وواڑی میں وفاداری ہے۔ تم گنتے جاؤ میں تمہیں بتاتا جاؤں گا۔ پا کستان کے کسی اور خطے میں ایسے مفید، سبق آمور اور بامعنی نا چ گانے نہیں ملتے۔ یہ سن کر مرشد نے گستاخی کی معافی مانگی

Zeal Policy

Print Friendly, PDF & Email