ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہے، پنجاب میں پی ایس ڈی پی اور اے ڈی پی کا مجموعی حجم ریکارڈ 740 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 560 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے میں منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے، گزشتہ سال کے ترقیاتی بجٹ کی نسبت رواں سال کے ترقیاتی بجٹ میں 66 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ سالانہ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 98 فیصد اسکیمیں منظور کی جاچکی ہیں، ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اے ڈی پی کی اسکیموں کی ہر سطح پر فول پروف مانیٹرنگ کی ہدایت دی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب اپنے ذرائع سے رواں مالی سال 400 ارب روپے ریونیو وصول کرے گا، تین ماہ میں 51 ارب روپے یعنی ٹارگٹ سے 41 فیصد زیادہ محاصل حاصل کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس ریونیو ٹارگٹ سے 18فیصد زائد یعنی 354 ارب روپے وصولیاں کی گئی، رواں سال کا صوبائی ریونیو ٹارگٹ گزشتہ سال کی نسبت 28فیصد زیادہ مقرر کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزید کہا ہے کہ مختلف سیکٹرز کو 50 ارب سے زائد ٹیکس رعائیتیں دے رہے ہیں، 10سال میں پہلی مرتبہ 96 فیصد ترقیاتی فنڈز کے استعمال کا ریکارڈ قائم کیا، پنشن سسٹم، ہیومن ریسورس مینجمنٹ اور پراپرٹی ٹیکس میں دوررس اصلاحات لارہے ہیں۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

واضح رہے کہ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری خزانہ، اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

The post ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email