کینیڈا کے عام انتخابات کا معرکہ: وزیراعظم کی جسٹن ٹروڈو کو مبارکباد

وزیر اعظم عمران خان نے جسٹن ٹروڈو کو تیسری بار کینیڈا کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام کے ذریعے جسٹن ٹروڈو کو مبارکباد دی۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم کینیڈا جسٹن ٹروڈو کو انتخابی فتح مبارک ہو، دوطرفہ تعلقات میں مزید پختگی کے لیے میں ان کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں اور منتظر ہوں۔

جسٹن ٹروڈو کے بڑے حریف نے شکست تسلیم کرلی

کینیڈا میں ہونے والے عام انتخابات میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جماعت نے ایک بار پھر میدان مار لیا۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹروڈو کی لبرل پارٹی کی کامیابی کے بعد کینیڈا میں ایک بار پھر اتحادی حکومت بننےکا امکان ہے۔

لبرل پارٹی سے تعلق رکھنے والی 6 کینیڈین پاکستانی شخصیات بھی اس بار پارلیمنٹ کا حصہ بنی ہیں۔ اقرا خالد، سلمیٰ زاہد، سمیر زبیری، شفقت علی، یاسر نقوی اور پال شیانگ کے جیتنے سے پاکستانی کینیڈینز کی پارلیمنٹ میں تعداد دوگنا ہو گئی ہے۔

کسی بھی دوسری جماعت کا کوئی پاکستانی کینیڈین امیدوار انتخابات میں کامیابی حاصل نہ کر سکا۔

کینیڈا کے کنزرویٹو رہنما Erin O’Toole کے انتخابات میں شکست تسلیم کرنے کے بعد جسٹن ٹروڈونے حامیوں سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا کے عوام نے کورونا وائرس سے نمٹنے اور بہتر دنوں کے لیے لبرلز کو دوبارہ منتخب کیا ہے، عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہیں۔

جسٹن ٹروڈو نے لبرل کارکنوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کینیڈین عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق کینیڈا کے تیسری بار منتخب ہونے والے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اہل خانہ کے ساتھ وکٹری گالا میں بھی شرکت کی۔

 

The post کینیڈا کے عام انتخابات کا معرکہ: وزیراعظم کی جسٹن ٹروڈو کو مبارکباد appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email