شیم آن سندھ حکومت، پورا کراچی گند سے بھرا ہے، چیف جسٹس

چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے سندھ حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘شیم آن سندھ حکومت’، پورا کراچی گند سے بھرا ہے، گٹر ابل رہے ہیں، تھوڑی سے بارش میں شہر ڈوب جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گجر نالہ متاثرین کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ جس بلڈنگ کو اٹھاؤ اس کا برا حال ہے، سٹرکیں خراب، بچے مریں، کچھ بھی ہو، یہ کچھ نہیں کرنے والے، یہی حال سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کا ہے، سب پیسہ بنانے میں لگے ہوئے ہیں، سیاسی جھگڑے اپنی جگہ مگر لوگوں کے کام تو کریں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ ابھی پیسے آئے نہیں، سارا جہاں پیسے لینے آگیا، جب گاڑیاں خریدنی ہوتی ہیں تو پیسے آجاتے ہیں، اگر کوئی آفت آجائے تو کیا ایک سال تک بجٹ کا انتظار کریں گے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ جب تک متاثرین کو گھر نہیں دیتے، وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤس الاٹ کر دیتے ہیں، لوگوں کو کہتے ہیں وہ وزیراعلیٰ سندھ ارو گورنر ہاؤس کے باہر ٹینٹ لگا لیں۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا بتائیں جنہوں نے زمینیں الاٹ کیں، ان کے خلاف کیا ایکشن لیا۔

اس پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ یہ تو 40 سال پرانا مسئلہ ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں، آپ کی ترجیحات کچھ اور ہیں، کراچی تو گاربیج دکھائی دیتا ہے، کوئی نہیں دیکھنے والا، حکمران طبقے کو کوئی پرواہ ہی نہیں، گٹر ابل رہے ہیں، تھوڑی سی بارش میں شہر ڈوب جاتا ہے، یہ ہے سندھ حکومت کہتے ہیں پیسے نہیں ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے سپریم کورٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں۔

سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ کا رویہ دیکھیں شرم آنی چاہیے، سندھ حکومت کواربوں روپے ملتے ہیں پھر بھی کہتے ہیں پیسے نہیں، اگر سروس نہیں دے سکتے توجائیں کسی اور کو آنے دیں۔

واضح رہےکہ تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے سندھ حکومت، ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے۔

The post شیم آن سندھ حکومت، پورا کراچی گند سے بھرا ہے، چیف جسٹس appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email