جراثیم کو سیکنڈوں میں ختم کرنے والا ذہین ماسک تیار

اسپین میں کیتھولک یونیورسٹی آف ویلنسیا کے ماہرین نے انٹیلی جنٹ فیبرک کہلانے والا کپڑا استعمال کرتے ہوئے ایسا ماسک تیار کرلیا جو صرف چند سیکنڈ میں کورونا وائرس کا خاتمہ کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ مخصوص حیاتی کیمیائی مادّوں کو اپنی طرف کھینچ کر انہیں کیمیائی تعامل (کیمیکل ری ایکشن) سے ناکارہ بنانے والے کپڑوں کو تکنیکی اصطلاح میں ذہین کپڑا کہا جاتا ہے۔

اس ماسک کی افادیت انٹیلی جنٹ فیبرک (ذہین کپڑے) میں پوشیدہ ہے جو ہوا میں موجود جراثیموں اور وائرسوں کو جکڑ کر انہیں ٹکڑے ٹکڑے کرتے ہوئے ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

حفاظتی طبّی آلات بنانے والی اسپانوی کمپنی وائسر میڈیکل نے اس فیس ماسک کی تجارتی پیمانے پر تیاری شروع کردی ہے تاہم ابھی تک اس کی قیمت کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔

تکنیکی تفصیلات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ماسک نہ صرف کورونا وائرس بلکہ اسی قسم کے دوسرے کئی وائرسوں کے علاوہ اُن سخت جان جراثیم (بیکٹیریا) کا بھی خاتمہ کردیتا ہے جن پر روایتی جراثیم کش دوائیں بہت کم اثر کر پاتی ہیں۔

اس نئے ماسک کے لئے ذہین کپڑے کو بطورِ خاص کووِڈ 19 وائرس، انفلوئنزا وائرس اور دیگر کئی اقسام کے وائرسوں اور اسٹیفائیلوکوکس قسم سے تعلق رکھنے والے سخت جان اور خطرناک جراثیموں کا خاتمہ کرنے کے قابل بنایا گیا ہے۔

یہ ماسک اتنا مؤثر ہے کہ جیسے ہی کوئی وائرس یا جراثیم اس سے چپکتا ہے، یہ صرف چند سیکنڈ میں اس کا غلاف پنکچر کرکے اسے ختم کردیتا ہے۔

اس طرح یہ ماسک اپنے فلٹر سے باہر نکلنے والی ہوا کو بھی صاف کرتا ہے اور نہ صرف اپنے پہننے والے کو بلکہ ارد گرد کے لوگوں کو بھی محفوظ کرتا ہے۔

یہ ماسک صرف ایک بار ہی چند گھنٹوں تک استعمال کیا جاسکتا ہے، جس کے بعد اسے پھینکنا پڑتا ہے۔

ماسک کی آن لائن بکنگ شروع ہوچکی ہے جبکہ پہلے مرحلے میں اسے صرف یورپی ممالک ہی میں فروخت کیا جائے گا، اس کے بعد باقی دنیا کی باری آئے گی۔

The post جراثیم کو سیکنڈوں میں ختم کرنے والا ذہین ماسک تیار appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email