انتخابات میں مسلم لیگ ن عوام میں اپنی مقبولیت ثابت کردے گی، حمزہ شہباز شریف

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات میں مسلم لیگ ن عوام میں اپنی مقبولیت ثابت کردے گی۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کی امریکی قونصل جنرل ولیم کے میکانیول سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں امریکی قونصل جنرل نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کو کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی جبکہ قونصل جنرل ولیم کے میکانیول نے خطے کی مجموعی صورتحال پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کو اپنے نقطہ نظر سے بھی آگاہ کیا۔

 اس موقع پر حمزہ شہباز شریف نے امریکی قونصل جنرل سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش سیکورٹی اور معاشی چیلنجز کا حل صرف باہمی اتفاق رائے اور پارلیمان کے ذریعے سے ہی ممکن ہے

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کا امریکی قونصل جنرل سے مزید کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن بھرپور سیاسی قوت کے ساتھ پورے ملک میں اترے گی اور عوام میں اپنی مقبولیت ثابت کردے گی۔

واضح رہے اس سے قبل اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب کے انتظامی امور سے میوزیکل چئیر کا کھیل کھیلا جا رہا ہے جبکہ اناڑی حکمرانوں نے ایک مرتبہ پھر پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر کے اپنی نا اہلی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب حکومت نے بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں ، گزشتہ تین سالوں میں پنجاب میں چار سیکرٹری داخلہ ، چھ آئی جی پولیس ، پانچ پرنسپل سیکرٹری ٹو سی ایم تبدیل کیے جا چکے ہیں اسی عرصے میں آٹھ سیکرٹری آبپاشی ، تین انفارمیشن سیکرٹری گیارہ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن چھ سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر تبدیل کر کے ترقی کرتے پنجاب کو ریورس گئیر لگایا گیا۔

حمزہ شہباز نے کہا تھا کہ کسی بھی صوبے کی بیوروکریسی کے اہم ترین عہدیدار چیف سیکرٹری کو پنجاب میں چار مرتبہ تبدیل کیا گیا ، صوبے میں بدانتظامی کا طوفان برپا ہے ، اناڑی حکمرانوں کی ترجیح گڈ گورننس کے بجائے سیاسی انتقام ہے کیا ان تبدیلیوں سے تین سالوں میں گورننس کے بحران پر قابو پا لیا گیا ، پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے انتظامی معاملات سے تاریخی کھلواڑ کیا جا رہا ہے انہیں گورننس کی الف بے کا نہیں پتا۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سڑکوں پر تاجر ،ڈاکٹرز اور میٹرو بس کے ڈرائیورز سراپا احتجاج ہیں لیکن حکومتی ایوانوں میں کسی کے کان پر جوں نہیں رینگی ، بدانتظام اور نا اہل حکومت نے الٹا ڈاکٹرز پر بہیمانہ تشدد کیا گیا اور احتجاج کا جائز حق استعمال کرنے والوں پر کیمیکل اسپرے کیا گیا ، وفاق سے بیٹھ کر پنجاب میں کٹھ پتلی  حکومت چلانے کا تجربہ بری طرح سے ناکام ہو چکا ہے ، پنجاب اور وفاق کے سلیکٹڈ حکمران پنجاب کی عوام کے مجرم ہیں۔

The post انتخابات میں مسلم لیگ ن عوام میں اپنی مقبولیت ثابت کردے گی، حمزہ شہباز شریف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email