شاہ محمود قریشی کا متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ ، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیرشاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے مابین ٹیلی فونک رابطے کے دوران دوطرفہ امور پر گفتگو کی گئی۔

اس دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے تمام شعبوں میں اپنے تعاون کو مضبوط بنانے اور کثیر الجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کو ایکسپو 2020 کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ میگا ایونٹ شاندار کامیابی حاصل کرے گا۔

دونوں ممالک کے وزرا نے دوطرفہ معاملات کے ساتھ افغانستان کی صورتحال سمیت علاقائی مسائل پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی اور شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے مابین قریبی تعلقات ہیں اور حالیہ دو سالوں کے دوران متعدد مرتبہ ملاقات ہوچکی ہیں۔

رواں اپریل میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے یو اے ای کے دورے پر پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل خاص طور پر ویزا سے متعلق امور پر پابندیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران پاکستانیوں کے لیے ویزا پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ کیا تھا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کی ترقی کے سلسلے میں پاکستانی تارکین وطن کے ‘مثبت کردار’ پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ متحدہ عرب امارات کی قیادت غیر ملکیوں کے لیے ‘قابل تحسین’ رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی نے غیر ملکی جریدے کو دئیے گئے انٹرویو میں افغانستان سے متعلق خصوصی بات کرتے ہوئے کہاکہ برطانیہ نئی حقیقت کو قبول کریں اور معاشی تباہی سے بچنے کے لیے طالبان کی مدد کریں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ اور مغربی اتحادی ممالک کوئی سیاسی شرائط کے بغیر امداد کی فراہمی میں مدد کریں، نئی حقیقت کو قبول کریں اور ہمیں اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کام کرنے دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان حکام کو تنہا کرنے سے معاشی تباہی، انارکی اور افراتفری پیدا ہوگی، اگر طالبان مثبت باتیں کہہ رہے ہیں تو انہیں اسی سمت میں جھکائیں، کونے میں نہ دھکیلیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان مزید افغان مہاجرین کو لینے کو تیار نہیں کیونکہ وہ پہلے ہی کئی دہائیوں سے جاری تنازعات سے کئی لاکھ پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان اس وقت مکمل طور پر بین الاقوامی عطیات پر انحصار کر رہا ہے، جو طالبان کے کنٹرول کے بعد سے اچانک رک گیا ہے۔ اس وقت افغانستان کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

The post شاہ محمود قریشی کا متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ ، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email