کراچی میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات آج ہوں گے

کراچی میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات آج ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

ریجنل الیکشن کمشنر سید ندیم حیدر کا کہنا ہے کہ 6 کنٹونمنٹ بورڈ کے 42 وارڈز میں پولنگ اتوار کو ہو گی اور پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 42 وارڈز میں مجموعی طور پر 343 امیدوار میدان میں ہیں۔ 238 کا تعلق سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے ہے، 105 امیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بلدیاتی امیدواروں میں 9 خواتین بھی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 42 وارڈز کے لیے 287 پولنگ اسٹیشنز اور 1115 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔

سید نعیم حیدر نے کہا کہ 6 کنٹونمنٹ بورڈ میں حق رائے دہندگان کی تعداد 4 لاکھ 66 ہزار 695 ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2 لاکھ 44 ہزار 317 مرد اور 2 لاکھ 22 ہزار 198 خواتین ووٹرز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کی تعداد 41 ہے اور ان میں 1 خاتون بھی شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی نے 1 خاتون سمیت 40 امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے امیدواروں کی تعداد 31 ہے۔ پی ایس پی کے 27 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے ایک خاتون سمیت 36 امیدوار میدان میں ہیں۔ تحریک لبیک کے ایک خاتون سمیت 18 امیدوار موجود ہیں۔ مسلم لیگ فنکشنل نے 13 امیدوار کھڑے کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 8 بلدیاتی امیدواروں کا تعلق اللہ اکبر تحریک سے ہے، اے این پی اور ایم ایم اے کے 1،1 امیدوار الیکشن کا حصہ ہیں۔

سید ندیم کا کہنا تھا کہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے 238 امیدواروں میں صرف 4 خواتین شامل ہیں۔ 105 آزاد امیدواروں میں 5 خواتین بھی موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کلفٹن کنٹونمنٹ کے 10 وارڈز میں امیدواروں کی تعداد 98 ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ووٹرز کے اعتبار سے کلفٹن کنٹونمنٹ سب سے بڑا حلقہ ہے۔

سید ندیم کا کہنا تھا کہ فیصل کنٹونمنٹ کے 10 وارڈز میں 88 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ ملیر کنٹونمنٹ کے 10 وارڈ میں امیدواروں کی تعداد 62 ہے۔ کورنگی کریک کنٹونمنٹ میں 49 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔ منوڑہ کنٹونمنٹ کے 2 وارڈ پر صرف 6 امیدوار میدان میں ہیں۔

ریجنل الیکشن کمشنر سید ندیم حیدر کا مزید کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور الیکشن میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کے علاوہ رینجرز بھی موجود ہو گی۔

The post کراچی میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات آج ہوں گے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email