سید علی گیلانی نے زندگی بھر کشمیر کو آزاد کرانے کی کوشش کی، ثوبیہ کمال

پارلیمانی سیکرٹری امور کشمیر ثوبیہ کمال نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی نے زندگی بھر کشمیر کو آزاد کرانے کی کوشش کی۔

تفصیلات کے مطابق فرنڈز آف کشمیرانٹر نیشنل کے زیر اہتمام سید علی شاہ گیلانی تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا جس میں سید فخر امام، آزاد جموں کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان، پارلیمانی سیکرٹری ثوبیہ کمال،  حریت رہنما غلام محمد صفی، ارشاد محمود اور چیئرپرسن فرنڈز آف کشمیر انٹر نیشنل غزالہ حبیب خان نے شرکت کی ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری امور کشمیر ثوبیہ کمال نے سید علی گیلانی کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی نے زندگی بھر کشمیر کو آزاد کرانے کی کوشش کی اور کشمیر کے لوگوں کی تربیت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے سید علی گیلانی کی میت کو ان کے اہل خانہ سے چھینا، سید علی شاہ گیلانی کا جانا بھی ہمیشہ کے لیے امر ہو گیا ہے۔

ثوبیہ کمال نے کہا کہ سید علی گیلانی نے شمع کو جلایا ہی ایسے کہ وہ ہمیشہ زندہ رہے گی یہی وجہ ہے کہ ہر گھر میں لوگ ان کے مشن کو لے کر چلنے کے لیے تیار ہیں۔

ثوبیہ کمال کا کہنا تھا کہ سید علی شاہ گیلانی کی وفات پر سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا تھا اور حکومت پاکستان نے ان کے انتقال پر سرکاری سطح پر اقدامات کیے تھے۔

ثوبیہ کمال کا یہ بھی کہنا تھا کہ عظیم رہنما کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پاکستانی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا۔

قائد مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نےتعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم سید علی گیلانی کی تحریک اور ان کے عظیم مشن کو آگے بڑھانے کا عزم کرتے ہیں۔

ان کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ کشمیریوں کے لیے کئی طرح کی مشکلات ہیں، انہیں تحریک کے ساتھ کھڑا رہنا چاہیے۔

سردار عتیق احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کو اپنے عمل سے ثابت کرنا ہے کہ وہ حق پر ہیں۔

The post سید علی گیلانی نے زندگی بھر کشمیر کو آزاد کرانے کی کوشش کی، ثوبیہ کمال appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email