ایڈمن ہی واٹس ایپ گروپ میں پوسٹ کر پائے گا

واٹس ایپ ماہانہ ڈیڑھ ارب سے بھی زیادہ صارفین رکھتا ہے جو روزانہ 60 ارب پیغامات بھیجتے ہیں۔ اب واٹس ایپ نے اپنے گروپس کے لیے ایک نئی سیٹنگ کا اعلان کردیا ہے۔ گروپس کا فیچر خاندان کے افراد کے باہمی رابطے یا فائلیں شیئر کرنے کے لیے کاروباری و دفتری ساتھیوں اور یکساں دلچسپی رکھنے والے افراد کے درمیان رابطے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ واٹس ایپ اس وقت ایک گروپ میں 256 افراد شامل کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

حال ہی میں واٹس ایپ نے نئی گروپ سیٹنگ شامل کی ہے کہ جس میں گروپ میں صرف ایڈمنز ہی پیغام بھیج سکیں گے۔ یہ ایسے گروپوں کے لیے ایک اہم اضافہ ہے کہ جو صرف اہم اعلانات یا معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں جیسا کہ بچوں کے اسکول کے والدین اساتذہ کی جانب سے۔ یہ سیٹنگ شامل ہونے سے کئی برانڈز، اساتذہ، ریستوران اور سیاسی تنظیمیں ایسے واٹس ایپ گروپس بنا سکتی ہیں جن میں یکطرفہ اپڈیٹس اور خبریں موصول ہوتی رہیں۔

یہ فیچر گروپ کے نام پر ٹیپ کرکے Settings میں جاکر Send Messages سے تبدیل کی جا سکتی ہے جہاں آپ کو Only Admins کا انتخاب کرنا ہوگا۔ یہ فیچر اب واٹس ایپ کے جدید ترین ورژن میں تمام صارفین کے لیے موجود ہے۔ واٹس ایپ نے گزشتہ ماہ بھی گروپس کے لیے چار فیچرز متعارف کروائے تھے۔

بشکریہ: ماہنامہ کمپیوٹنگ کراچی

Print Friendly, PDF & Email