خودبخود چلنے والے ویڈیو اشتہارات، اب فیس بک میسنجر پر بھی

خودبخود چلنے والے ویڈیو اشتہارات ہر انٹرنیٹ استعمال کنندہ کے لیے دردسر سے کم نہیں ہوتے۔ لیکن ان کا دائرہ کار دن بدن بڑھتا ہی چلا جارہا ہے۔ یہ سلسلہ عمومی ویب سائٹس سے شروع ہو کر سوشل میڈیا سائٹس اور ایپس تک۔۔۔حتی کہ اب تو یہ ویڈیو اشتہارات آپ کی ذاتی پیغام رسانی ایپ یعنی میسنجر تک بھی پہنچ گئے ہیں۔

جی ہاں۔۔۔۔ مشہور سوشل میڈیا سائٹ فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ خودبخود چلنے والی ویڈیوز پر مبنی اشتہارات فیس بک کی میسنجر ایپ پر بھی دکھائے جائیں گے۔ اس لیے ممکن ہے کہ مستقبل قریب میں آپ اپنے کسی دوست یا رشتہ دار کے ساتھ سنجیدہ گفتگو فرما رہے ہوں اور بیچ میں اچانک عریاں مناظر اور "حکیمانہ” گفتگو والے اشتہار چل پڑیں۔

خیر یہ تو جملہ معترضہ تھا۔ کیونکہ ابھی یہ واضح نہیں کہ فیس بک میسنجر پر کس طرح کے ویڈیو اشتہارات دکھائی دیں گے۔ تاہم یہ ضرور طے ہے کہ فیس بک کے میسنجر صارفین کو فری پیغام رسانی کے لیے ویڈیو اشتہارات کو لازمی بھگتنا ہو گا۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے فیس بک اور انسٹاگرام پر خودبخود چلنے والے ویڈیو اشتہارات کا فیچر جبکہ میسنجر میں ساکن اشتہارات کی "سہولت” پہلے سے ہی موجود ہے۔ البتہ میسنجر پر ویڈیو اشتہارات اس میں نیا اضافہ ہے۔

Print Friendly, PDF & Email