وائرلیس چارجنگ بہتر یا بیٹری کے لیے نقصان دہ؟

عرصہ ہوچکا وائرلیس چارجنگ اپنا وجود رکھتی ہے لیکن اسمارٹ فونز نے اسے اختیار کرنے میں کافی وقت لیا۔ یہ حقیقت ہے کہ جب پہلی بار وائرلیس چارجنگ آئی تھی تو کچھ مسائل تھے لیکن ٹیکنالوجی کے بہتر ہوتے ہوتے اب زیادہ تر مسائل ختم ہو چکے ہیں۔ گو کہ سام سنگ نے اپنے گلیکسی فونز میں وائرلیس چارجنگ پہلے ممکن بنائی لیکن اس ٹیکنالوجی نے مقبولیت تب حاصل کی جب گزشتہ سال ایپل آئی فون نے بھی اسے اختیار کیا۔

ہم بھی وائرلیس چارجنگ کے شیدائی ہیں، آخر کیوں نہ ہوں؟ بغیر تار لگائے، ہر قسم کے جھنجھٹ سے آزاد ہوکر فون چارج ہونے کا مزا ہی اپنا ہے لیکن کچھ لوگ کہتے ہیں کہ اس کی ایک قیمت بھی ہے۔ ان کے خیال میں تار کے ذریعے کی جانے والی چارجنگ کے مقابلے میں وائرلیس چارجنگ بیٹری کو زیادہ متاثر کرتی ہیں لیکن ماہرین کہتے ہیں کہ چارجنگ چاہے تار کے ذریعے ہو یا وائرلیس، آپ بیٹری کے کسی سیل کو اوور چارج اوور ڈسچارج نہیں کر سکتے۔

دراصل مختلف بیٹریوں کے معیارات مختلف ہوتے ہیں، بالخصوص چارج کرنے کے سائیکلز کی تعداد کہ جس کے بعد بیٹری خراب ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ جیسا کہ آئی فون کی بیٹری 500 مکمل چارج سائیکلز کے بعد اپنی اصل گنجائش کا 80 فیصد ہی برقرار رکھ پاتی ہے۔

وائرلیس چارجنگ پر شک کرنے والوں کا کہنا ہے کہ جب فون تار کے ذریعے چارج کیے جاتے ہیں تو بیٹری کو آرام ملتا ہے لیکن وائرلیس چارجنگ پیڈ میں ایسا نہیں ہوتا۔ اس لیے بیٹری وائرلیس چارجنگ کے ذریعے اپنے چارج سائیکلز زیادہ تیزی سے پورے کرتی ہے اور تیزی سے خراب ہوتی ہے۔ لیکن کیا یہ حقیقت ہے؟ وائرلیس پاور کنسورشیم کہتا ہے کہ جب آپ وائرلیس چارجنگ کو استعمال کرتے ہیں تو فون کی بیٹری ضائع نہیں ہوتی۔ یہ ایک غلط فہمی ہے۔ اگر آپ چارج سائیکلز کو کم کرنا چاہتے ہیں تو اس کا سادہ سا طریقہ یہ ہے کہ استعمال ہونے والی توانائی کو کم کریں۔ ایک ناقص ایپ جو پس منظر میں مسلسل ڈیٹا بھیج رہی ہو یا ایسا علاقہ کہ جہاں موبائل سگنلز کمزور ہوں اور فون مسلسل سگنل بہتر کرنے کی کوشش کر رہا ہو، یہ دونوں آپ کی بیٹری کو عمر کو کہیں زیادہ نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

وائرلیس چارجنگ کے ہاتھوں اسمارٹ فون کی بیٹری کو خراب کرنے کے کوئی واضح ثبوت نہیں ہیں، بلکہ فائدے ہیں۔ چارجنگ پورٹ کو پہنچنے والا نقصان کم ہو جاتا ہے، جو بسا اوقات فون کی خرابی کا باعث بنتی ہے یاں تک کہ معاملہ مرمت کا آ جاتا ہے۔

ماہرین کی نظر میں وائرلیس چارجنگ ہوٹلوں، گاڑیوں، ریستورانوں اور ریل گاڑیوں کے لیے چارجنگ کا بہترین طریقہ کار ہے۔

Print Friendly, PDF & Email