درونگاغ گہکیر کے سماجی کارکن ابراہیم خان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

گہکیر(زیل نمائندہ) ابرہیم خان جو علاقہ درونگاغ گہکیر میں اپنی سماجی خدمات کے حوالے سے جانی پہچانی شخصیت تھی گزشتہ مہینے حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے داغ مفارقت دے گیے تھے ۔ مرحوم کی سماجی  خدمات اور علاقے کی تعمیر و ترقی میں ان کے  کردارکو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے گزشتہ دنوں ڈیزاسٹررسک منیجمنٹ  کمیٹی (DRMC) کے زیر انتظام CBRDC آفس  بندوگول ویلی گہکیرمیں تعزیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ سابقہ پرنسپل محمد موسٰی صدر محفل اور گلاف ریشن کے آرگینائزر رضوان الدین مہمان خصوصی تھے۔ تعزیتی ریفرنس میں کثیر تعداد میں عمائدین علاقہ ،  نوجوانان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔  خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے DRMC کے جنرل سیکریٹری نصیراللہ نے تمام شرکاء پروگرام کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کے کامیاب انعقاد کے سلسلے میں  تعاون کرنے پر تمام منتظمین کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے گہکیراور درونگاغ کی ترقی میں کردار ادا کرنے پر حاجی عبدالباقی مرحوم،چیرمین خیرانظرمرحوم،ممبر علی محمدمرحوم،اور زارخان  مرحوم کی کاوشوں کو بھی سراہا اور انہیں خوب صورت الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں فضل نادر، مولانا شرعظیم شاہ، خوش ربی، حاجی عبدالجبار،  سردارولی، سراج خان، برہان الدین  اور DRMCکے چیر مین مولانا محمد مراد نےمرحوم ابراہیم خان کے علاقے کی  سماجی ترقی میں کردار اور GLOF کے پائیلٹ منصوبے کو بندوگول ویلی  میں  کامیاب بنانے پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے مشاہیر کو اچھے الفاظ میں یاد کرتی ہیں اور ان کے  نقش قدم پر چلنے کی کوشش  بھی کرتی ہیں۔ آخر میں مہمان خصوصی رضوان الدین اور صدرمحفل پرنسپل (ر) محمد موسٰی نے مرحوم ابراہیم خان کی سماجی خدمات کو علاقے کی ترقی میں مثالی کارنامہ قرار دیا۔ انہوں کے کہا کہ مرحوم صدر نے دن رات ایک کرکے اپنے علاقے کے لیے جوکام کیا ہے وہ ہدیہ تبریک اور سپاس تشکر کے مستحق ہیں  ۔آخر میں اجتماعی دعا کے ساتھ تعزیتی پروگرام اختتام پذیر ہوا۔  

Print Friendly, PDF & Email