عالمی یوم یتامیٰ کے موقع پر آغوش چترال میں تقریب

چترال (زیل آن لائن ) عالمی یوم یتامیٰ کے موقع پر آغوش چترال میں ایک تقریب کا اہتما م کیا گیا جس میں ادارہ ہذٰا میں زیر تربیت بچوں کے ساتھ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے حضرات نے شرکت کی۔ ہر سال پندرہ رمضان المبارک کو دنیا بھر میں یتامیٰ کا دن منایا جاتا ہے۔ عالمی سطح پر یہ دن والدین کی محبت سے محروم بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی، حوصلہ افزائی اور ہمدردی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان یتامیٰ کی سرپرستی کے حوالے سے ایک تاریخ رکھتی ہے اور اس وقت الخدمت کے زیر انتظام مختلف شہروں میں قائم "آغوش ہومز” میں ہزاروں بچے نہایت لگژری ماحول میں تعلیم و تربیت کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔ جہاں ان باحوصلہ بچوں کی تعلیم و تربیت، قیام و طعام، کھیل کود اور صحت کے ساتھ زندگی کی بنیادی سہولیات بہترین طریقے سے فراہم کی جاتی ہیں۔ یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کا یہ قابل فخر ادارہ امسال چترال میں بھی قائم کیا جاچکا ہے، جو کہ الخدمت پاکستان کی طرف سے اہل چترال کے لیے ایک بیش بہا اور خوبصورت تحفہ ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن چترال کی طرف سے امسال کرونا وبا کے پیش نظر "یوم یتامیٰ” محدود پیمانے پر الخدمت آغوش ہی میں منانے کا فیصلہ کیا گیا اور اغوشیں کے اعزاز میں آج ایک خوبصورت تقریب سجائی گئی۔ تقریب میں سرپرست الخدمت چترال مولانا اخونزادہ رحمت اللہ، صدر الخدمت چترال نوید احمد بیگ، وجیہہ الدین اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران اور رضاکار شریک ہوئے۔ اس موقع پر بچوں کو عیدی اور تحائف بھی دیئے گیے۔

Print Friendly, PDF & Email