گرم چشمہ ڈی ایس ایل لائن دریا برد ہونے والا ہے، فوری ایکشن لینے کی ضرورت

گرم چشمہ (زیل نمائندہ)گزشتہ ایک مہینے سے روجی کے مقام پر گرم چشمہ روڈ سے بالکل متصل پی ٹی سی ایل کا پول پہاڑی تودوں کی زد میں آکر گر چکا ہے تاہم ڈی ایس ایل ابھی تک بحال ہے۔ تاہم ایک مہینہ گزرنے کے باوجود پی ٹی سی ایل والے گرے ہوئے پول کی مرمت کرنے یا نیا پول لگانے کی کوئی ضرورت محسوس نہیں کررہے ہیں۔ پوری دنیا کرونا جیسی وبا کا سامنا کررہی ہے جس کی وجہ سے ملک کے اکثر تعلیمی ادارے گزشتہ ایک سال سے بند ہیں۔ تمام تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز کا اجراء کرچکے ہیں۔

گرم چشمہ کے طلبہ ڈی ایس ایل سروس کے ذریعے اب تک اپنا تعلیمی تسلسل برقرار رکھے ہوئے ہیں مگر دریا کی تغیانی میں اضافے کے ساتھ پول اور ساتھ میں ڈی ایس ایل تار کے دریا برد ہونے کا اندیشہ ہے جس کی وجہ علاقے کے طلبہ کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔علاقے کے عمائدین نے ہمارے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی سی ایل والوں کو جلد سے جلد مذکورہ پول کی مرمت کرکے ڈی ایس ایل سروس کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

اگر ادارے کے نمائندوں کی نا اہلی کی وجہ سے پول اور ڈی ایس ایل لائن دریا برد ہوا تو طلبہ کے تعلیمی نقصان کا پی ٹی سی ایل کو ذمہ دار تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اس سلسلے میں بروقت ایکشن لے کر علاقے کے بچوں اور عام عوام کا مسئلہ بروقت حل کرنے میں کردار ادا کریں۔

Print Friendly, PDF & Email