چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کا پیراپلیجک سنٹر پشاور کا دورہ

پشاور (زیل نمائندہ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے سیکرٹری صحت سید امتیاز حسین شاہ، سیکرٹری سماجی بہبود منظور احمد اور ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن ریٹائرڈ خالد محمود کے ہمراہ حیات آباد فیز فور میں قائم پیراپلیجک سنٹر پشاور کا دورہ کیا چیئرمین پیراپلیجک سنٹر ضیاء الرحمان، چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس اور دیگر سینئر ڈاکٹروں نے چیف سیکرٹری کوسنٹر کی کارکردگی سے تفصیلی طور پر اگاہ کیا چیف سیکرٹری نے پورے ملک میں ریڑھ کی ہڈی کے امراض میں مبتلاء مریضوں کے علاج کیلئے قائم اس منفرد ہسپتال کے تمام شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں زیرعلاج مریضوں سے ملے۔

چیف سیکرٹری نے مریضوں اور انکے تیمارداروں سے بات چیت بھی کی اور ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے وہاں موجود سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیااس موقع پر ڈاکٹر سید محمد الیاس نے انہیں ہسپتال کے مختلف شعبہ جات اور مریضوں کو مہیا کردہ سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے بتایا کہ سنٹر میں نہ صرف خیبر پختونخوا اور پاکستان بھر بلکہ جنگ سے متاثرہ ہمسایہ ملک افغانستان سے لائے گئے جسمانی طور پر معذور مریضوں کا بالکل مفت علاج کیا جاتا ہے اور انہیں سنٹر میں ہی تیار کردہ مصنوعی سہاروں کے ذریعے کارآمد شہری بنایا جاتا ہے جن میں مختلف حادثات میں زخمی ریڑھ کی ہڈی کے مریض، پولیو سے معذور افراد اور جڑے پاؤں کے ساتھ پیدا بچوں کی بحالی کی سہولیات شامل ہیں۔

ڈاکٹر کاظم نیاز نے اپنے تاثرات میں کہا کہ اس عظیم ادارے کا دورہ ان کیلئے باعث اعزاز ہے وہ یہاں داخل غریب مریضوں کے علاج سے کافی متاثر اوریہاں کے عملے کی کارکردگی پر انتہائی خوش ہوئے ہیں اُنہوں نے کہا کہ وہ ملک کے اس شاندار قومی ادارے کیلئے نیک خواہشات کا پیغام لیکر آئے ہیں جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے اس منفرد طبی ادارے کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email