جامعہ چترال سے اردوتحقیقی مجلہ ” جرنل آف لینگوئج اینڈلیٹریچر” کی اشاعت

چترال (پریس ریلیز) جامعہ چترال کا تحقیقی مجلہ جرنل آف اردو لینگوئج اینڈ لیٹریچر منظر عام پر آگیا ہے۔ جس میں قومی سطح پر بیسیوں ممتاز پروفیسروں اور محققیین نے اپنی مقالات شائع کی ہیں۔ اس حوالے سے جامعہ چترال کے پبلک ریلیشن آفس سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز کے مطابق ایڈیٹر پروفیسر ڈاکٹر بادشاہ منیر بخاری کا کہنا تھا کہ اردو زبان میں جوخوبصورتی اورکشش ہے وہ بہت کم زبانوںمیں ہے۔اس زبان کی حفاظت اورفروغ کی کوشش ہم سب کو کرنی چاہیے۔ انہوں مزید کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی پہچان اس کی تحقیقی سرگرمیوں سے ہوتی ہے اور ریسرچ جرنل اس کے اظہار کا بہترین ذریعہ ہوتا ہے اور جامعہ چترال یہ کام بخوبی کررہاہے۔انہوں نے اردوکوسائنس،قانون ،کامرس اور ٹیکنالوجی کی زبان بنانے پر بھی زوردیا۔ اور طلبہ کو اردو زبان لکھنے اوربولنے میں مہارت پیداکرنے کے لئے ادبی رسائل اور مجلات کے مطالعے کی ترغیب دی۔
مجلہ کے مندرجات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جامعہ چترال کے بینر تلے شائع ہونے والے اس رسالے کے مندرجات قاری کی توقع کے عین مطابق شعر و شاعری، فکشن، فلسفے اور تنقید کے مضامین کا احاطہ کرتے ہیں۔ مقالات کے انتخاب میں صحت، جدت و تنوع اور استحقاقی پہلوں کو مدنظر رکھا گیا ہے ، جس کا اندازہ شائع شدہ مقالات پر نظر ڈالنے سے ہوتا ہے۔ چنانچہ پہلے شمارے میں ” منشا یاد کے افسانوں میں نسوانی کردار” ، پریم چند کا افسانہ "بھوت” کا نفسیاتی جائزہ” ، اور ‘‘شہر دانش’’ اور بے چہرگی کا المیہ وغیرہ جیسے دلچسپ مقالات شامل کئے گئے ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق مجلہ کی اشاعت کو ملکی علمی وادبی حلقوں میں پزیرائی مل رہی ہے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے مجلہ کی اشاعت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ جامعہ پشاور کے سابق پروفیسر اور اردو زبان کے ممتاز شاعر وادیب پروفیسر نذیر تبسم نے جامعہ چترال کے شعبہ اردو کوفعال اورمتحرک شعبہ قراردیتے ہوئے اس کی سرگرمیوں پرخوشی کااظہار کیا ہے اوراردوجرنل کو شعبہ اردو کے سفرمیں ایک سنگ میل قراردیا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اتنی مختصر مدت میں اردو زبان کے حوالے سے اس قسم کا تحقیقی کام جامعہ چترال کے انتظامیہ کی حسن ادارت اورذوق ادب کی عمدہ مثال ہے۔
واضح ہوکہ اردوجرنل پہلے دو شمارو ں میں اٹھائیس مقالات کو شامل کیا گیا ہے ۔ جنہیں پیرریویو کے بعد خالص میرٹ کی بنیاد پر اشاعت کے لیے چنا گیا ہے ۔ بین الاقوامی علمی حلقو ں تک مجلہ کی رسائی اور تحقیق کے فروغ کے لیے مجلہ کو crossref.org, google scholar اور crosssmark سمیت مختلف بین الاقوامی ڈیجیٹل نیٹ ورکس کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے اور افادہ عام کی غرض سے مجلہ کو ویپ سائٹ www.jull.uoch.edu.pk پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔ جہاں سے مطلوبہ تحقیقی مقالات کو مفت ڈاون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
جرنل آف ریلیجئیس سٹڈیز ، جرنل آف لینگوئسٹک اینڈ لیٹریچر اور جرنل آف ارد و لینگوئج اینڈ لیٹریچر کی کامیاب اشاعت کے بعد جامعہ چترال آئندہ چند دنوں میں مزید شعبوں میں کے تحقیقی مجلات جو اشاعت کے لیے تیار ہیں ان کو شایع کرے گی ۔

Print Friendly, PDF & Email