الیکشن کمیشن انتخابات کے نتائج کے لیے اینڈروئیڈ ایپ استعمال کرے گا

ملک میں اس وقت انتخابات کی گہما گہمی عروج پر ہے۔ انتخابات کے متعلق آئے روز نئی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ان ہی میں سے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے نتائج کے لیے اینڈروئیڈ ایپ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ایپ کا نام "نتائج کا ترسیلی نظام” یعنی Result Transmission System یا مختصراً RTS رکھا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اس نظام کو گزشتہ سال قومی اسمبلی کے حلقہ نمبر 4 اور سندھ اسمبلی کے حلقہ 114 میں کامیابی کے ساتھ تجرباتی سطح پر استعمال کیا جا چکا ہے۔ جس میں پریزائڈنگ افسران نے پولنگ کے نتائج کو بعینہ ایپ میں درج کر کے کمیشن کے سرورز تک پہنچایا تھا۔ اس کے ساتھ متعلقہ فارم کی مصدقہ کاپی بھی بھیجی گئی تھی۔

یہ ایپ جی پی ایس نظام کو استعمال کرتے ہوئے خودکار طریقے سے نتائج درج کی جانے والی جگہ اور وقت کا پتہ بھی لگا سکتی ہے۔ جس سے جعلی نتائج درج ہونے کے امکانات نا ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔ نیز اس سے الیکٹرانک میڈیا کی جانب سے غیر مصدقہ اور غیر حتمی نتائج کا اعلان کرنے کے عمل کی حوصلہ شکنی بھی ہو گی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن یہ ایپ تیار کرنے کے لیے نادرا، پی ٹی اے اور موبائل کمپنیوں کے ساتھ مل کر کئی ماہ سے مشترکہ طور پر کام کر رہا تھا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق ملک بھر میں تقریبا 1 لاکھ پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ اکثر علاقوں میں تھری جی، فور جی اور جی پی آر ایس کی سہولت موجود ہے، ماسوائے چند دوردراز علاقوں کے جہاں موبائل کے سگنل موجود نہیں ہیں۔ البتہ ایسے ریموٹ علاقوں میں بھی پولنگ افسر چند کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے موبائل سگنل تلاش کر سکتے ہیں۔

اس سے پہلے بلوچستان کے دوردراز علاقوں سے پولنگ افسران بعض اوقات 100 کلو میٹر سے بھی زائد کا سفر طے کر کے نتائج جمع کروانے آتے تھے۔ جبکہ اس نظام کی بدولت اب وہ قریبی علاقے میں موبائل سگنل کو تلاش کر کے جلد از جلد نتائج جمع کروا سکیں گے۔ یوں ملک بھر سے انتخابی نتائج سے بروقت آگاہ ہوا جا سکے گا۔

بشکریہ: ماہنامہ کمپیوٹنگ کراچی

Print Friendly, PDF & Email