کرنسی نوٹ کرونا وائرس کے پھیلاو کا سبب، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کر دیا۔ دنیا نیوز

لاہور(ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (عالمی اداراہ صحت) نے عوام کو کرنسی نوٹوں کے ذریعے کرونا وائرس پھیلنے کے خدشے سے خبردار کر دیا، ادارے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کرنسی نوٹ پر کرونا وائرس کئی دن تک نہ صرف فعال رہ سکتا ہے بلکہ چھونے والے کو بیمار کرنے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ برطانیہ کے مرکزی بینک، بینک آف انگلینڈ کے ماہرین نے بھی پتہ چلایا تھا کہ کرنسی نوٹ وائرس یا بیکٹیریا کی منتقلی کا سبب بنتے ہیں۔ چین اور جنوبی کوریا کی جانب سے متعدد استعمال شدہ کرنسی نوٹوں کو ضائع کر دیا تھا جو کرونا پھیلانے کا سبب بن سکتے تھے۔ چینی حکام الٹرا وائلٹ روشنی اور بلند درجہ حرارت کے ذریعے استعمال شدہ کرنسی نوٹوں کو جراثیم سے پاک کرنے کا عمل سرانجام دے رہے ہیں، اس مقصد کیلئے کرنسی نوٹوں کو 14 دن کیلئے علیحدہ رکھا جاتا ہے۔

بینک آف انگلینڈ کے ترجمان کے مطابق کوئی بھی ایسی سطح جسے لوگوں کی بڑی تعداد چھوئے وہ بھی کرنسی نوٹوں کی طرح وائرس پھیلانے کا سبب بن سکتی ہے۔ عالمی اداراہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کرونا کی منتقلی کے زیادہ تر کیسز متاثرہ شخص کے جسم سے خارج ہونیوالی رطوبتوں یا براہ راست چھونے سے ہوتی ہے۔ تاہم احتیاط کے تحت کرنسی نوٹ استعمال کرنے کی بجائے ادائیگیاں کریڈٹ کارڈ یا دیگر ذرائع سے کرنا بہتر ہے، بیماری سے مزید محفوظ رہنے کیلئے ہاتھ بار بار دھوئیں اور چہرے پر ماسک پہنیں۔

Print Friendly, PDF & Email