فیس بک نے فیس بک کی لت سے جان چھڑانے کا فیچر متعارف کروا دیا

جی ہاں۔۔۔ آپ نے درست پڑھا۔ اب فیس بک ہی فیس بک کی لت سے جان چھڑانے میں مدد کرے گی۔ ویسے پاکستانی فیس بک شائقین کو مدنظر رکھا جائے تو اس خبر پر میر تقی میر کا یہ شعر صادق آتا ہے۔۔۔

میر بھی کیا سادے ہیں کہ بیمار ہوئے جس کے سبب
اسی عطار کے لڑکے سے دوا لیتے ہیں۔۔۔

خیر ادبی گفتگو چھوڑ کر ذرا تکنیکی موضوع کی طرف آتے ہیں۔ تو خبر یہ ہے کہ فیس بک کمپنی نے اپنے صارفین کے لیے ایک ایسا فیچر تیار کیا ہے جو کہ صارف کے فیس بک استعمال پر گہری نظر رکھتا ہے۔ یہ ہفتہ بھر کے دوران فیس بک پر بتائے جانے والے وقت کے ساتھ ساتھ روزانہ کا حساب کتاب بھی رکھتا ہے۔ اس فیچر کو Your Time On Facebook کا نام دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے گوگل اور ایپل سمیت مختلف کمپنیاں صارفین کی جانب سے اسمارٹ فون پر زیادہ وقت نظریں ٹکائے رکھنے اور ایپس کو زیادہ دیر تک استعمال کرنے جیسے عوامل کو کم کرنے کے لیے مختلف الگورتھم پہلے ہی وضع کر چکی ہیں۔ جبکہ فیس بک اس لہر میں نیا اضافہ ہے۔

خبر پر ردعمل دیتے ہوئے فیس بک ترجمان کا کہنا تھا کہ "صارفین کی صحت اور ان کے قیمتی وقت کا تحفظ فیس بک کی روز اول سے ترجیح رہی ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اپنے صارفین کے لیے یہ فیچر تیار کر رہے ہیں”

خبر کے مطابق اس فیچر کی مدد سے ناصرف فیس بک صارفین اپنے وقت کے بارے میں آگاہ رہ سکیں گے بلکہ انہیں زیادہ وقت گزارنے پر انتباہ بھی دیا جائے گا۔ ڈھیٹ صارفین کے لیے نیوز فیڈ میں تبدیلی اور ایپ رنگت میں تبدیلی جیسے عوامل بھی آزمائے جائیں گے تا کہ وہ وقتی طور پر ہی سہی فیس بک سے کچھ وقت کے لیے پیچھا چھڑا سکیں۔

بشکریہ: ماہنامہ کمپیوٹنگ کراچی

Print Friendly, PDF & Email